جام پور: دفتر قانون گوئی تحصیل آفس میں 20 سال سے تعینات سلیم مغل کا سائلین کے ساتھ ناروا سلوک
جام پور (کرائم رپورٹر) : محکمہ ریونیوجام پورتحصیل آفس قانون گو کے دفتر میں 20 سال سے تعینات ملازم سلیم مغل پر ایک سائل کے ساتھ ناروا سلوک کرنے کا سنگین الزام عائد کیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ گزشتہ دنوں پیش آیا جب محمد بخش نامی ایک سائل نے دفتر قانون گو سے متعلقہ کاروباری معاملات کے لیے رجوع کیا۔ ذرائع کے مطابق ملازم سلیم مغل نے سائل سے غیر قانونی طور پر رشوت کا مطالبہ کیا۔ جب محمد بخش نے رشوت دینے سے صاف انکار کر دیا تو سلیم مغل نے نہ صرف اس کا مطلوبہ نقشہ جاری کرنے سے انکار کر دیا بلکہ اپنے آفس بوائے کو ہدایت کی کہ اس سائل کو دفتر سے باہر نکال دیا جائے۔
سائل محمد بخش نے اب ارباب اختیار سے اپیل کی ہے کہ 20 سال سے اس دفتر میں تعینات سلیم مغل کی اجارہ داری کو ختم کیا جائے اور اس ملازم کے خلاف فوری طور پر محکمہ جاتی و انضباطی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ سائل کا کہنا ہے کہ ایسے ملازمین جو عوام کے ساتھ بدسلوکی کرتے ہیں اور قانون کو اپنے ہاتھ میں لیتے ہیں، انہیں کسی بھی سرکاری دفتر میں برقرار رکھنا عوام کے ساتھ ناانصافی ہے۔ اب معاملہ متعلقہ حکام کے نوٹس میں ہے اور فیصلہ متوقع ہے کہ آیا ملزم ملازم کے خلاف باقاعدہ تحقیقات شروع کی جائیں گی یا نہیں۔ عوام کی طرف سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ ایسے تمام ملازمین کے خلاف سخت کارروائی کی جائے جو عوامی خدمت کے بجائے رشوت اور بدعنوانی کو فروغ دے رہے ہیں۔