راجن پور- میونسپل کمیٹی کی واٹر سپلائی اور سیوریج سروسز کو واٹر اینڈ سینی ٹیشن اتھارٹی (واسا) کے حوالے کرنے کی تقریب منعقد ہوئی
۔ ڈپٹی کمشنر راجن پور عمران حسین رانجھا کی زیرِ صدارت، میونسپل کمیٹی کی واٹر سپلائی اور سیوریج سروسز کو واٹر اینڈ سینی ٹیشن اتھارٹی (واسا) کے حوالے کرنے کی تقریب منعقد ہوئی
راجن پور (امجد ملک سے ) ضلع راجن پور میں شہری سہولیات کی بہتری اور بنیادی خدمات کی معیاری فراہمی کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت رونما ہوئی ہے۔ ڈپٹی کمشنر راجن پور عمران حسین رانجھا کی زیرِ صدارت، میونسپل کمیٹی کی واٹر سپلائی اور سیوریج سروسز کو واٹر اینڈ سینی ٹیشن اتھارٹی (واسا) کے حوالے کرنے کی تقریب منعقد ہوئی۔
تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد صفات اللہ، چیف آفیسر ضلع کونسل و ایم سی عامر روف، نیز میونسپل کمیٹی اور واسا کے ذمہ دار افسران نے شرکت کی۔ موقع پر سروسز کی منتقلی سے متعلق امور، انتظامی ذمہ داریوں، آپریشنل پلان اور مستقبل کے اہداف پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
ڈپٹی کمشنر عمران حسین رانجھا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ واٹر سپلائی اور سیوریج جیسی بنیادی سہولیات عوامی فلاح سے براہِ راست وابستہ ہیں، اس لیے ان کی بلا تعطل اور معیاری فراہمی حکومتِ پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ واسا، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے شہریوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سروسز کی منتقلی کے بعد پانی کی فراہمی، سیوریج لائنوں کی دیکھ بھال، نکاسیٔ آب اور شکایات کے بروقت ازالے کے نظام میں نمایاں بہتری متوقع ہے۔ واسا کے افسران کو تاکید کی گئی کہ فیلڈ میں فعال مانیٹرنگ اور شفافیت کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کے مسائل فوری حل ہوں۔
تقریب کے اختتام پر متعلقہ افسران نے عزم کا اظہار کیا کہ ضلع راجن پور میں شہری سہولیات کی بہتری کے لیے باہمی تعاون سے کام کیا جائے گا اور عوامی خدمت کے مشن کو کامیابی سے ہمکنار کیا جائے گا۔